قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے کئی حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری،دوبارہ گنتی والے حلقوں میں این اے 13مانسہرہ، این اے 100چنیوٹ،این اے 108فیصل آباد، این اے 114جھنگ ، این ای129لاہور سمیت دیگر حلقے شامل ہیں

اتوار 29 جولائی 2018 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)عام انتخابات کے انعقاد کے بعد قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے کئی حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی جاری ہے،این اے 13مانسہرہ، این اے 100چنیوٹ،این اے 108فیصل آباد، این اے 114جھنگ ، این ای129لاہور سمیت دیگر حلقے شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے بعد کئی حلقوں میں امیدواروں کی جانب سے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواستیں دی گئیں جہاں ہفتہ سے گنتی کا عمل جاری ہے۔

این اے 13مانسہرہ سے آزاد امیدوار صالح محمد کامیاب ہوئے تھے یہاں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار شاہجہان یوسف نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے جس پر گنتی جاری ہے، این اے 100چنیوٹ سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار قیصر احمد شیخ کامیاب ہوئے ہیں جہاں پی ٹی آئی کے امیدوار ذوالفقار شاہ نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی یہاں بھی گنتی جاری ہے،این اے 108فیصل آباد سے تحریک انصاف کے امیدوار فرخ حبیب کامیاب ہوئے جہاں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار عابد شیر علی نے دوبارہ گنتی کی درخواست دی جہاں گنتی کی جا رہی ہے، این اے 114جھنگ میں تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوئے تھے یہاں سے پی پی کے امیدوار فیصل صالح حیات کی درخواست پر دوبارہ گنتی کی جارہی ہے ، این ای129لاہور سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کامیاب ہوئے جہاں پی ٹی آئی کے امیدوار علیم خان کی درخواست پر گنتی جاری ہے۔

(جاری ہے)

این اے 131میں مسترد شدہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی جہاں سے عمران خان کی کامیابی برقرا رہی جبکہ این اے 73سیالکوٹ میں بھی مسترد ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوئی تاہم یہاں خواجہ آصف کامیاب رہے اسی طرح این اے 33ہنگو میں بھی ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست پر گنی کی گئی اور پی ٹی آئی کے خیال زمان کامیاب رہے۔ این اے 57مری میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی شاہد خاقان عباسی کی درخواست مسترد ہو گئی۔ این اے 249کراچی میں دوبارہ گنتی کی شہباز شریف کی درخواست بھی منظور نہ ہوسکی۔اس کے علاوہ صوبائی اسمبلیوں کے کئی حلقوں میں بھی دوبارہ گنتی کا عمل جاری ہے۔