مجھے وزیر اعلیٰ کا عہدہ دینے کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں ‘ ڈاکٹر یاسمین راشد

عمران خان نے کہا ہے مجھے پنجاب میں رہ کر ذمہ داریاں نبھانی ہیں ‘ مرکزی رہنما پی ٹی آئی

اتوار 29 جولائی 2018 16:20

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا ہے کہ مجھے وزیر اعلیٰ پنجاب کا عہدہ دینے کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں ،عمران خان سے طویل مشاورت ہوئی ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ مجھے پنجاب میں رہ کر ذمہ داریاںنبھانی ہیں ۔ ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ عمران خان کے کامیاب ہوتے ہی ڈالر کی قیمت 6روپے نیچے آ گئی ہے اورانشا اللہ آگے بھی معاملات درست سمت میں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بننے کے بعد عمران خان جو ذمہ داری سونپیں گے اس پر کارکردگی دکھائوں گی ۔ عمران خان سے طویل مشاورت ہوئی ہے انہوں نے کہا ہے کہ مجھے پنجاب میں رہ کر کام کرنا ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کا عہدہ دینے کی باتیں قیاس آرائیاں ہیں ،ہر عہدے کا فیصلہ عمران خان نے کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت تعلیم اورصحت کو ترجیح دے گی اور ہم انسانوں پر خرچ کریں گے۔

انہوںنے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کا ساتھ نہیں دیں گے جس نے قانون کو ہاتھ میں لیا ہے پولیس کو اسے گرفتار کرنا چاہیے ۔ انہوں نے نواز شریف کو طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر وہ بیمار ہیں تو انہیں صحت کی سہولیات ملنی چاہئیں بلکہ جیلوں میں جو بھی لوگ بیمار ہیں انہیں سہولیات دینا ریاست کی ذمہ داری ہے ۔