اشرف غنی کی عمران خان کو دورہ افغانستان کی دعوت ،ْ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد

دونوں رہنمائوں کا ماضی کو بھلانے اور پاکستان ،ْ افغانستان کے خوشحال سیاسی ،ْ سماجی اور اقتصادی مستقبل کی نئی بنیادیں رکھنے پر اتفاق

اتوار 29 جولائی 2018 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)افغان صدر اشرف غنی نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کو افغانستان میں آنے کی دعوت دی ہے ۔ افغان صدر نے اپنے ٹوئٹ میں کہاکہ انہوں نے عمران خان کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں انہیں کابل آنے کی کھلی دعوت دی ہے ۔انہو ںنے کہا کہ انہوں نے عمران خان نے پارلیمانی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ۔

اشرف غنی نے کہاکہ دونوں نے ماضی کو بھلانے اور پاکستان ،ْ افغانستان کے خوشحال سیاسی ،ْ سماجی اور اقتصادی مستقبل کی نئی بنیادیں رکھنے پر اتفاق کیا ۔دریں اثناء تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ترجمان نعیم الحق نے اسلام آباد میںمیڈیا کو بتایا کہ عمران خان نے افغان صدر کی جانب سے دورے کی دعوت قبول کی ہے اور وہ وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے بعد افغانستان کا دورہ کرینگے ۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر عمر زاخیل وال نے اپنے ٹوئٹر پر کہاکہ صدر اشرف غنی نے عمران خان کے اس بیان کا خیر مقدم کیا جس میں انہوں نے افغانستان میں امن اور سلامتی کیلئے کام کر نے کا ارادہ ظاہر کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے اعلان سے دونوں ممالک مشترکہ طور پر امن وسلامتی کے مقاصد کا حصول کر سکتے ہیں ۔یاد رہے کہ عمران خان نے 26جولائی کو قوم سے اپنے خطاب میں افغانستان سے اچھے تعلقات اور پڑوسی ملک میں امن کے قیام کیلئے کوششوں کااعلان کیا تھا ۔

انہوں نے یورپی یونین کی طرز پر افغانستان کے ساتھ کھلے بارڈر کی خواہش کا بھی اظہار کیا تھا ۔عمران خان ایسے وقت میں وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھائیں گے جب پاکستان اور افغانستان نے دوطرفہ تعلقات بڑھانے کیلئے ڈائیلاگ کے ایک نئے نظام کے مطابق مذاکرات شروع کئے ہیں اور پانچ مشترکہ ورکنگ گروپس بنائے ہیں جس میں فوجی اور انٹیلی جنس افسران ،ْ سفارتکار ،ْ اقتصادی تعلقات اور مہاجرین سے متعلق گروپ شامل ہیں ۔جولائی کے وسط میں مشترکہ گروپس کا پہلا اجلاس ہوا تھا جس میں دونوں ممالک نے تعلقات کو بڑھانے پر اتفاق کیا تھا ۔