عمران خان کو وزیراعظم دیکھنا میرا مشن تھا انکے وزیراعظم بنتے ہی گھر بیٹھ جاؤں گا،جہانگیر ترین کا سیاست چھوڑ نے کا اعلان

فیصلہ میرے حق میں آیاتو بہتر ورنہ مزید سیاست جاری نہیں رکھوں گا اور گھر بیٹھوںگا پنجاب میں ہمارے ایم پی ایز کی تعداد 131 ہو چکی، مزید آزاد ارکان بھی شامل ہو رہے ہیں،میڈیا سے گفتگو

اتوار 29 جولائی 2018 20:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین نے سیاست چھوڑ نے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو وزیراعظم دیکھنا میرا مشن تھا ان کے وزیراعظم بنتے ہی گھر بیٹھ جاؤں گا۔

(جاری ہے)

اتوار کے روز اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے پر دیکھنا میرا مشن تھا جیسے ہی عمران خان وزیراعظم بنیں گے میںسیاست سے کنارہ کشی اختیار کر لوں گا اور گھر بیٹھ جاؤں گا صحافی نے سوال کیا کہ آپ کی نا اہلی کے خلا ف اپیل کا فیصلہ آنا بھی باقی ہے اور آپ ابھی سے دلبر داشتہ ہو گئے ہیں تو جہانگیر ترین نے جواب دیا کہ اگر فیصلہ میرے حق میں آ یا تو بہتر ورنہ مزید سیاست جاری نہیں رکھوں گا اور گھر بیٹھوںگا کیونکہ اگر قانون مجھے اسمبلی کے لئے اہل نہیںسمجھتا تو گھر بیٹھنا ہی بہتر ہے انہوںنے کہا کہ پنجاب میںہمارے ایم پی ایز کی تعداد 131 ہو چکی ہے اور تحریک انصاف سب سے بڑی جماعت بن کر حکومت بنانے کے قریب ہے جبکہ مزید آزاد ارکان بھی شامل ہو رہے ہیں۔