پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کے درمیان رابطے کارکے طور پر ڈاکٹرعشرت العبادخان سامنے آگئے

شاہ محمود قریشی سے رابطہ ہواہے، پاکستان تحریک انصاف نے کھلے دل کا مظاہرہ کیا، خالد مقبول اور دوستوں نے مثبت اشارے دیئے ہیں،سابق گورنرسندھ عشرت العباد کے ذریعے ایم کیو ایم سے بات چیت چل رہی ہے، دونوں جماعتوں کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن کیلئے کردار ادا کروں گا، شاہ محمود قریشی

اتوار 29 جولائی 2018 15:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار 29 جولائی 2018ء)پاکستان تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان رابطے کار کے طور پر ڈاکٹر عشرت العباد خان کا نام سامنے آگیاہے۔پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سابق گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العبادخان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہواہے،شاہ محمود قریشی کے مطابق عشرت العباد کے ذریعے ایم کیو ایم سے بات چیت چل رہی ہے۔

سابق گورنر سندھ کے مطابق تحریک انصاف نے کھلے دل کا مظاہرہ کیا، خالد مقبول اور دوستوں نے مثبت اشارے دیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کی سیاست میں سابق گورنرڈاکٹرعشرت العبادخان کی ایک بار پھرانٹری ہوئی ہے۔پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سابق گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں متحدہ کو ساتھ لے کرچلنے کے عزم کا ظہار کیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرعشرت العباد نے 2018 کے عام انتخابات میں کامیابی پرعمران خان اور تحریک انصاف کو مبارکباد دی۔اس موقع پرپی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کے درمیان بہترین ورکنگ ریلیشن کے لیے کردار ادا کروں گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی بہتری کے بغیر ملک اور معیشت آگے نہیں بڑھ سکتی، شہر سے ووٹ لینے والوں کو بھی اہمیت دینا ہوگی، انہیں ساتھ لے کر آگے بڑھنا ہوگا، خون خرابا اور تباہی بہت ہوچکی، تبدیلی لانا ہوگی۔

ڈاکٹر عشرت العباد خان کے مطابق شاہ محمود قریشی سے رابطہ ہواہے، پاکستان تحریک انصاف نے کھلے دل کا مظاہرہ کیا، خالد مقبول اور دوستوں نے مثبت اشارے دیئے ہیں، تمام جماعتیں کراچی کیلئے مل کر کام کریں۔انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم پاکستان ایک جماعت ہے جس نے شہر سے 4 نشستیں حاصل کی ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی ہی حتمی فیصلہ کرے گی، ایک دوسرے کے مینڈیٹ کا احترام کرنا چاہئے۔

سابق گورنر سندھ نے کہاکہ سیاسی اختلافات کو جھگڑوں میں تبدیل کرنا آسان اور سمیٹنا ذرا مشکل کام ہے، کراچی کے امن کو مستحکم کرنے کیلئے سیاسی اتحاد اور ہم آہنگی ضروری ہے۔ تحریک انصاف کا متحدہ کوساتھ لے کرچلنے کا فیصلہ خوش آئند ہے، تمام جماعتیں کراچی کے لیے مل کرکام کریں، شہر کے امن کومستحکم کرنے کے لیے سیاسی اتحاد ضروری ہے۔