پیمرا نےغلط خبرنشرکرنےپر17 ٹی وی چینلزکوجرمانہ عائد کردیا

نوازشریف اورمریم نواز کی تقاریرپرپابندی سےمتعلق لاہور ہائیکورٹ کےفیصلے کی غلط خبر نشرکی گئی، 17چینلز کو10لاکھ روپے، ایک ٹی وی کو2 لاکھ جرمانہ کردیا، جبکہ معافی نہ مانگنے پرلائسنس معطل کردیے جائیں گے۔اعلامیہ پیمرا

sanaullah nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ مئی 19:34

پیمرا نےغلط خبرنشرکرنےپر17 ٹی وی چینلزکوجرمانہ عائد کردیا
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 مئی 2018ء) : پیمرا نے غلط خبرنشرکرنے پر 17ٹی وی چینلز کوجرمانہ عائد کردیا ہے، نواز شریف اور مریم نواز کی تقاریر پر پابندی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی غلط خبر نشرکی گئی،،پیمرا نے17چینلز کو10لاکھ روپے اورایک ٹی وی مشرق کو2لاکھ جرمانہ کردیا،جبکہ تمام متعلقہ ٹی وی چینلز کومعافی نہ مانگنے پرلائسنس معطل کرنے کی تنبیہ بھی کردی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پیمرا نے 17نیوز چینلز کو میاں محمد نواز شریف اور مریم نواز کی تقاریر پر پابندی سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کی غلط خبر نشر کرنے پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ جن چینلز کو 10لاکھ روپے فی کس جرمانہ کیا گیا ان میں جیو نیوز، رائل نیوز، 92نیوز، دنیا ٹی وی، چینل ۵، آج ٹی وی، دن نیوز، ایکسپریس نیوز، روز ٹی وی، سماء ٹی وی ، ڈان نیوز ، اے آر وائی نیوز، وقت ٹی وی ، بول نیوز، کے ٹی این نیوز اور کوہِ نورٹی وی شامل ہیں جبکہ مشرق ٹی وی کومذکورہ خبرکاغلط ٹکر چلانے پر 2لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیاہے۔

(جاری ہے)

پیمرا نے ان تمام 17چینلز کو 19اپریل 2018ء کو اظہارِ وجوہ نوٹس جاری کرتے ہوئے ذاتی شنوائی کیلئے 24اپریل 2018ء کو طلب کیا تھا اور ساتھ ہی ساتھ تحریری جوابات داخل کرانے کا بھی حکم دیا تھا۔ علاوہ ازیں تمام چینلز کو 6مئی 2018ء کو پرائم ٹائم کے دوران معذرت نشر کرنے کا بھی حکم دیا گیاہے۔ مزید برآں تمام چینلز کو اپنے تاخیری نظام کو موٴثر بنانے اور ضابطہٴ اخلاق کی پیروی کیلئے ادارہ جاتی نگران کمیٹی تشکیل دینے اور موٴثربنانے کا بھی حکم دیا ہے۔ فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں اتھارٹی پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیم شدہ ) ایکٹ 2007 کی سیکشن 30کے تحت چینلز کے لائسنس معطل یا منسوخ کرنے کی کاروائی کا آغاز کر دے گی۔