احتساب عدالت نے محمد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی

منگل اپریل 19:17

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء) احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ر)محمد صفدر کے خلاف دائرایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت 20 اپریل تک ملتوی کر دی ہے جبکہ العزیزیہ اسٹیل ملز کیس کی سماعت 23 اپریل کو ہو گی۔ عدالت نے نیب کی جانب سے ایم ایل ایز کو ریکارڑ کا حصہ بنانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر)محمد صفدر کے وکیل امجد پرویز نے جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کے بیان پر جرح مکمل کرلی ہے۔ منگل کو احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے دائر ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم محمد نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران امجد پرویز نے استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء کے بیان پر جرح کی ۔

سماعت کے موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی نے عدالت سے استدعا کی کہ تین ایم ایل ایز کو عدالتی ریکارڈ پر بطور شواہد پیش کرنے کی اجازت دی جائے جس کی مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے مخالفت کی۔ امجد پرویز نے کہا کہ یہ ایم ایل اے پہلے ریکارڈ کا حصہ نہیں بنائے گئے جس پر عدالت نے نیب کی درخواست مسترد کردی۔ عدالت نے مریم نواز کے وکیل کی جرح مکمل ہونے پر ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی، عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کو طلب کرتے ہوئے سماعت 23 اپریل کو مقرر کر دی ہے۔

Your Thoughts and Comments