اُردو پوائنٹ پاکستان اسلام آباداسلام آباد کی خبریںاسلام آباد ہائی کورٹ نے ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کی سزا کو معطل کردی ..

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کی سزا کو معطل کردی ‘ ضمانت پر رہا کرنے کا حکم

ایف آئی اے کہتی ہے کہ لاکھوں لوگوں سے فراڈ ہوا مگر کسی ایک نے بھی اس حوالے سے شکایت نہیں کی،جسٹس اطہرمن اللہ

اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 23 اکتوبر۔2018ء)اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں قید ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب شیخ کی سزا کو معطل کرکے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے. اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے شعیب شیخ کی جانب سے ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل پر سماعت کی.

درخواست گزار کے وکیل راجا رضوان عباسی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے سزا کے خلاف اپیل کا فیصلہ ہونے تک میرے موکل کی سزا معطل کی جائے. راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ ٹرائل کورٹ کے فیصلے میں سنگین قانونی سقم موجود ہیں جبکہ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ اس مقدمے میں کوئی شکایت کنندہ نہیں ہے.

(خبر جاری ہے)

جسٹس اطہرمن اللہ ریمارکس دیئے کہ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کہتی ہے کہ لاکھوں لوگوں سے فراڈ ہوا مگر کسی ایک نے بھی اس حوالے سے شکایت نہیں کی، ایف آئی اے نے جو 2 گواہ پیش کیے وہ بھی شکایت کنندہ نہیں ہیں.

انہوں نے کہا کہ ڈگری کا جعلی ہونا کسی طرح ثابت نہیں ہوتا. بعد ازاں عدالت نے ایگزیکٹ کے سی ای او شعیب احمد شیخ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے 5 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی. یاد رہے کہ رواں سال 5 جولائی کو ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد چودھری ممتاز حسین نے شعیب شیخ اور دیگر ملزمان کو جعلی ڈگری کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے شعیب شیخ سمیت 23 ملزمان کو 7 سال قید اور 13 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی تھی.

عدالت نے کیس میں شعیب احمد شیخ کی اہلیہ عائشہ شعیب شیخ سمیت 3 ملزمان کو بری کر دیا تھا. سزا پانے والے ملزمان کو دفعہ 419 کے تحت 3 سال قید ایک لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 420 کے تحت 3 سال قید 2 لاکھ روپے جرمانہ، دفعہ 468 کے تحت 7 سال قید 5 لاکھ جرمانہ، دفعہ 471 کے تحت 7 سال قید 5 لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا تھا. ایف آئی اے کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ایگزیکٹ نے 13 ہزار سے زائد ویب سائٹس کی ڈومین خریدی، ویب سائیٹ ڈومین اور ہوسٹنگ کے شواہد ناقابل تردید ہیں اور فرانزک شواہد تبدیل کرنے کا الزام غلط ہے.

واضح رہے کہ ایف آئی اے نے 25 ستمبر کو شعیب شیخ کو گرفتار کرکے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا تھا جس کے دوسرے روز ان کے ایک قریبی ساتھی نائیجل برائن کو ڈنمارک جاتے ہوئے اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا.

اپنی رائے کا اظہار کریں -

اسلام آباد شہر کی مزید خبریں