Live Updates

کرنسی نوٹوں پر پین سے کوئی بھی تحریر لکھنے پر پابندی عائد

یکم جولائی 2025ء سے جس نوٹ پہ پین کی لکھائی موجود ہوئی وہ نوٹ قابل قبول نہیں ہوگا؛ اسٹیٹ بینک اعلامیہ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 15 مئی 2025 15:16

کرنسی نوٹوں پر پین سے کوئی بھی تحریر لکھنے پر پابندی عائد
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2025ء ) کرنسی نوٹوں پر پین سے کوئی بھی تحریر لکھنے پر پابندی عائد کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کرنسی نوٹوں پر پین سے کوئی بھی تحریر لکھنے پر پابندی لگادی، جس کے تحت نئے مالی سال 26-2025 کے آغاز پر یکم جولانی سے جس نوٹ پر پین کی لکھائی موجود ہوگی وہ نوٹ قابل قبول نہیں ہوگا، پین کی لکھائی والے تمام نوٹ 30 جون 2025ء تک اسٹیٹ بینک آف پاکستان یا دیگر متعلقہ بینکوں میں جمع کرائے جاسکتے ہیں، جس کے بعد پین کی لکھائی والے نوٹ وصول نہیں کیے جائیں گے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پین کے استعمال سے نوٹوں کی خوبصورتی پہ اثر پڑتا ہے، اسی لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم جولائی 2025ء سے جس نوٹ پہ پین کی لکھائی موجود ہوئی وہ نوٹ قابل قبول نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں گورنر سٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ رواں برس میں کرنسی نوٹ نئے ڈیزائن میں مارکیٹ میں آ جائیں گے، نئے نوٹ مرحلہ وار پرنٹ کیے جائیں گے اور یہ نوٹ تکنیکی ویلیوایشن کے بعد جلد ہی کابینہ کے سامنے پیش کیے جائیں گے، جس کے بعد جلد ہی پاکستان کے پہلے نئے کرنسی نوٹ کے اجراء کی توقع ہے، تاہم یہ واضح نہیں کہ پہلے کون سی مالیت کا نوٹ جاری ہو گا، نئے ڈیزائن کے کرنسی نوٹ ایک ساتھ نہیں بلکہ بتدریج مارکیٹ میں آئیں گے، سٹیٹ بینک ان نئے نوٹ کی ویلیوایشن پر کام کر رہا ہے تاکہ نوٹ کی جدید ترین ٹیکنالوجی اور حفاظتی فیچرز کو یقینی بنایا جا سکے۔

واضح رہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نوٹوں کی نئی سیریز کے ڈیزائن کے لیے آرٹ مقابلے کا انعقاد کیا تھا، جس کے اختتام پر مقابلہ جیتنے والے مقامی آرٹسٹس کے نام اور ان کے تخلیق کردہ نوٹوں کے ڈیزائنز شارٹ لسٹ کیے گئے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات