گرمی میں اضافہ، بجلی کی طلب 15 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گئی:
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2 جون ۔2009ء) ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ کے باعث بجلی کی طلب 15 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ بجلی کی قلت 2595 میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے۔ منگل کو یہاں وزارت کے جاری کردہ بیان کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 12428 میگاواٹ رہی جبکہ طلب 15023 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔ اس طرح بجلی کی تقسیم کے قومی نظام میں 2595 میگاواٹ کی قلت رہی۔ گذشتہ برس دو جون کو بجلی کی قلت 4315 میگاواٹ ریکارڈ کی گئی تھی۔ بیان کے مطابق ملک کے بیشتر حصوں میں گرمی کی شدت کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں بجلی کی قلت بھی بڑھ گئی جسے پورا کرنے کیلئے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بڑھایا گیا ہے۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




