ملک کےمختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج:
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اپریل ۔2010ء)ملک کے مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ کراچی میں مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی نے کہا کہ دو چھٹیوں سے عوام کے مسائل میں اضافہ ہوگا۔ کراچی میں لوڈشیڈنگ کے خلاف جماعت اسلامی نے مظاہرہ کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے رہنما محمد حسین محنتی نے کہا کہ شہر کو اندھیرے میں ڈبونے کی سازش قبول نہیں۔حیدرآباد میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ بجلی کے طویل اور غیراعلانیہ تعطل اور گرمی کی شدت سے بے حال شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ سکھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں کمی ہوئی ہے تاہم شیڈول کے مطابق بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ بجلی کے تعطل کے باعث سکھر میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ٹنڈوآدم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث پاور لومز کی صنعت تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی۔ اسمال یونٹس پاور لومز ایسوسی ایشن ٹنڈوآدم کے چیئرمین محمد اسلم انصاری نے بتایا کہ بارہ گھنٹے سے زائد بجلی کی بندش سے پاور لومز کی صنعتیں بند ہوگئی ہیں۔ ادھر حیسکو نے ڈیڈکشن بلوں کے ذریعے شہریوں پر بلاجواز بھاری جرمانے بھی عائد کرنے شروع کر دیئے ہیں۔


خبریں و تصاویر تلاش کیجئے




